اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے لبنان کے المیادین ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ جو کچھ جنیوا میں پیش آیا اس سے اقوام متحدہ کے منفی کردار کی عکاسی ہوتی ہے- انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ یمن کے بحران کے حل کےلئے اقوام متحدہ کون سی چال چل رہا ہے- محمد البخیتی نے کہا کہ جنگ بندی سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے لئے سعودی حکومت اور اقوام متحدہ کا گٹھ جوڑ مذاکرات کی ناکامی کی اصل وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت اقوام متحدہ کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے زیادہ سے زیادہ سیاسی مراعات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ محمد البخیتی نے کہا کہ انسان دوستانہ امداد کے حامل بہت سے بحری جہاز، سعودی حکومت کے توسط سے یمن کا محاصرہ جاری رہنے کے سبب، اس ملک تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔ تحریک انصاراللہ کے رکن نے جنگ بندی کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت جنگ بندی قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔ واضح ر ہے کہ یمن کے بارے میں جنیوا مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ہی جمعے کی رات کو اختتام پذیر ہوگئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲